علامہ الشیخ بشیر الابراہیمی

آپ (مولانا مودودی) ایسی شخصیت کے مالک ہیں کہ ہم نے کم ہی ایسے باکمال دیکھے ہیں بلکہ آپ چند ممتاز خصوصیات کے لحاظ سے فرد واحد ہیں جس کی نظیر میں اس زمانے کے علماء میں نہیں پاتا۔ مثلاً حق کی حمایت میں نہایت سخت، مدافعت سے کوسوں دور، راہ حق میں ابتلاء ومحن کے وقت صبر و ثبات کے پیکر مجسم، حکام وقت کے تقرب سے متنفر، پاکستان اور ہندوستان کے جن فضلاء سے میں متعارف ہوا ہوں یا جن کے علم و فضل کے متعلق میری غائبانہ معلومات ہیں، آپ ان میں سب سے زیادہ تفقہ فی الدین رکھتے اور اسلام کے تاریخی وتشریعی حقائق پر بصیرت رکھنے والے ہیں۔ آپ معلومات کے سمندر ہیں۔ وقفہ سنج اور بلا کے ذہین ہیں۔ مسائل حاضرہ کو اسلامی اصول پر تطبیق دینے میں ماہر اور استنباط کی بے پناہ قدرت رکھتے ہیں اور اس معاملے میں ایک مستقل جدید طرز استدلال کے موجد ہیں۔ شریعت کے مزاج شناس اور اس کے بنیادی مقاصد کے روز آشنا ہیں اور جزئیات میں بلا ضرورت الجھے سے محترز، باریک بین، دوررس اور پیکر یقین ہیں جس کی جھلک آپ کے اعمال و کردار میں بصورت عزم و ثبات نمایاں نظر آتی ہے۔